12 نومبر 2020: (جنرل رپورٹر) محکمہ صحت، ابوظہبی کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کوویڈ19 کے مریض اگر معمول کی زندگی میں صحت مند غذا برقرار رکھیں تو وہ کورونا وائرس کے مرض سے جلدی صحتیاب ہو جاتے ہیں کیونکہ ان کا مدافعتی نظام وائرس کے خلاف لڑنے کے لئے مضبوط ہوتا ہے۔
کوویڈ19 مریضوں، جن کی عمریں 18 سے 60 سال کے درمیان ہیں ، کے طرز زندگی پر کی گئی ریسرچ میں 1،038 افراد شامل ہوئے جس میں وائرس سے متاثرہ افراد کے طرز زندگی اور اس سے وابستہ علامات کی شدت کو سمجھنے اور اس کا اندازہ کرنے کے لئے ریسرچ کی گئی۔ اس ریسرچ میں کوویڈ19 کے مریضوں سور ان کی خوراک کے درمیان خاص تعلق دیکھا گیا جس سے ظاہر ہوا کہ صحت مند غذا کھانے والے مریضوں کا اسپتال میں قیام کا دورانیہ کم ہوتا ہے بنسبت ان کے جن کی غذا صحت مند نہیں ہوتی۔ لہذا ، کوویڈ19 کے دوران صحت مند غذا کا ہونا بہت ضروری ہے کیونکہ جو کچھ ہم کھاتے اور پیتے ہیں وہ ہمارے جسم کی وائرس سے لڑنے اور بحالی کی صلاحیت کو متاثر کرسکتا ہے۔