26 جون 2020: (جنرل رپورٹر) ابوظہبی اسٹیم سیل سینٹر (اے ڈی ایس سی سی) کی جانب سے اب تک 2 ہزار سے زائد کوویڈ19 کے مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے جس میں سے 1200 مریض مکمل طور پر وائرس سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔
اسٹیم سیل سینٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ابتدائی کلینیکل ٹرائل میں وہ علاج معالجے کی تعداد 73 سے بڑھانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ یہ فیصلہ اسٹیم سینٹر میں موجود عملے کی کوششوں کے نتیجے میں ہوا ہے تا کہ اماراتی حکومت کے فیصلے کے مطابق زیادہ سے زیادہ لوگوں کا فری علاج ہو سکے۔
یاد رہے کہ ابوظہبی اسٹیم سیل سینٹر کے ڈاکٹرز اور ریسرچرز کی جانب سے مئی میں اعلان کیا گیا تھا کہ انہوں نے کوویڈ19 کے مریضوں کے لئے علاج کا نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔ اس طریقہ علاج میں مریض کے اسٹیم سیلز کو نکالا جاتا اور انہیں دوبارہ متحرک کر کے واپس ڈالا جاتا ہے جو جسم کو وائرس سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔