دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈہ اب کوویڈ-19 آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے لئے ایک لیب قائم کرے گا۔ دبئی ایئرپورٹس نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ٹرمینل 2 کے قریب واقع یہ 20 ہزار مربع فٹ کی لیبارٹری ڈی ایکس بی میں مسافروں سے جمع کیے گئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ نمونوں کی چوبیس گھنٹے پروسیسنگ کے لیے وقف ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لیب روزانہ ایک لاکھ نمونوں پر کارروائی کر سکتی ہے اور چند گھنٹوں کے اندر قابل اعتماد نتائج فراہم کر سکتی ہے۔
دبئی ایئرپورٹس نے دبئی ہیلتھ اتھارٹی اور پیور ہیلتھ کے تعاون سے منگل 22 جون کو لیب کھولنے کا اعلان کیا۔ لیب منفی اور مثبت پریشر رومز سے لیس ہے اور صحت اور ریگولیٹری حکام اور ایئر لائنز کے درمیان معلومات کے محفوظ اور آسان اشتراک کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری رپورٹنگ پلیٹ فارمز سے منسلک ہے۔ دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ دنیا کا مصروف ترین بین الاقوامی مرکز موسم گرما کی تعطیلات اور اس کے بعد مسافروں کی آمدورفت میں اضافے کی تیاری کر رہا ہے۔ ان کے مطابق وہ اس بات کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں کہ مطلوبہ صحت پروٹوکول کو پورا کرتے ہوئے ہوائی اڈے کا سفر محفوظ، ہموار اور تیز تر ہو۔
دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے ڈائریکٹر جنرل عواد صغیر الکیتبی نے کہا کہ لیبارٹری کی صلاحیتوں سے دبئی پہنچنے والے مسافروں کے انتظار کے اوقات کو کم کرنے میں بہت مدد ملے گی اور متعلقہ احتیاطی اور حفاظتی طریقہ کار پر مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے گا۔
خلیج ٹائمز