03 ستمبر 2020: (جنرل رپورٹر) امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر عبداللہ بن زاید النہیان نے سلوواکیہ کے وزیر برائے امور خارجہ ایون کوریوک کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور سلوواکیہ کے مابین تعلقات اور انسداد کوویڈ19 پر بات چیت کی ہے۔ دونوں وزراء کی یہ گفتگو ایک فون کال پر ہوئی جس میں انہوں نے خطے کی تازہ ترین پیشرفت اور تشویش کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزراء نے کورونا وباء کی تازہ ترین پیشرفتوں پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے اثرات پر قابو پانے اور اس کے اثرات کو دور کرنے کے لئے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ ہم آہنگی بڑھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ دونوں وزراء نے کورونا ویکسن ایجاد کرنے کی عالمی کوششوں کی حمایت کی اور آپس میں مشترکہ تعاون کے پہلووں کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔