ڈاکٹروں کے لیے گولڈن ریذیڈنسی ویزے کا اجراء متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شفیق اقدام ہے

ڈاکٹروں کے لیے گولڈن ریذیڈنسی ویزے کا اجراء متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شفیق اقدام ہے

 نائب صدر ، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے رہائشی ڈاکٹروں کو 10 سالہ گولڈن رہائشی ویزہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے جس سےدنیا بھر کے بہترین شعبہ طب کے ماہرین اور تجربہ کار افراد کو ملک میں لایا جائے گا جس سے کوویڈ19 کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز کو مدد ملے گی۔ 

 

ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (سیہا) کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے مستقبل کے وژن کی عکاسی ہوتی ہے جس کا مقصد پروفیشنل ڈاکٹرز کو متحدہ عرب امارات میں لانا ہے۔

 

گولڈن ریزیڈنسی ویزے کے تحت اہل ڈاکٹروں اور ان کے اہل خانہ کو 10 سالہ رہائشی ویزے جاری کئےجائیں گے۔

 

 سیہا مراکز میں کام کرنے والے ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اس اقدام سے ان کے اور ان کے اہل خانہ پہ مثبت فرق پڑے گا۔

 

 سیہا کے زیر انتظام توام اسپتال میں شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر گوئیڈو مینارٹس نے امارات نیوز ایجنسی (وام) سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب مجھے فون پر متحدہ عرب امارات میں 10 سال کے لیے گولڈن ریذیڈنسی ویزے کے اجراء سے متعلق بتایا گیا تو مجھے بہت خوشی ہوئی اور اس بات پر فخر ہوا کہ امارات کی حکومت نے میرے گزشتہ سات سالوں کے کام کو سراہا ہے اور مجھے امارات جیسے عظیم ملک کے ساتھ کام کرنے کا احساس ہوا۔

 

 انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے ریذیڈنٹ ڈاکٹرز کو مزید استحکام ملے گا اور ان کی حوصلہ افزائی ہو گی کہ وہ اپنی باقی زندگی بھی متحدہ عرب امارات میں گزاریں اور یہاں اپنے خاندانوں کے ہمراہ رہیں۔ 

 

المويجعی ہیلتھ کیئر سینٹر میں انٹرنل میڈیسن کے سپیشلسٹ ڈاکٹر شعيب صالح سمير نے ریزیڈنٹ ویزے کے اجراء پر اماراتی قیادت کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس ویزے کو متحدہ عرب امارات اور اس کی عوام کے لیے ان کے فرض کی تعریف میں ایک اعزاز کے طور پر دیکھتے ہیں۔ 

 

انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں 14 سالہ قیام کے دوران وہ اور ان کا خاندان مستحکم اور خوشحال رہا ہے جبکہ انہیں مناسب زندگی کی تمام ضروریات اور تمام سہولت کی تمام اشیاء فراہم کی گئیں۔ 

 

سیہا کی ایمبولیٹری ہیلتھ کیئر سروسز میں انٹرنل میڈیسن کنسلٹنٹ اور پیشہ ورانہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر یاسر طوباسی نے کہا کہ اس اقدام سے معاشرے کی صحت اور کوویڈ19 سے نمٹنےکے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب ملی ہے۔ 

 

مدینہ زاید اسپتال میں جنرل سرجری کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرمحمد فراس شلبى نے کوویڈ19 کے فرنٹ لائن ورکرز کے لئے اٹھائے گئے اس اقدام کو قابل تعریف قرار دیا۔ مدینہ زاید اسپتال میں جنرل سرجری کے ڈاکٹر فراس قادری الخطیب نے کہا کہ ڈاکٹروں سمیت متحدہ عرب امارات میں اعلی کامیابی حاصل کرنے والوں کو گولڈن ریذیڈنسی ویزے کا اجراء دینا ان گروپس کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

 

 الكورنيش اسپتال میں کنسلٹنٹ گائناکالوجی،چیئر آف اکیڈمک افیئرز اور ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلیمہ وانی نے کہا کہ میرے لیے ڈاکٹروں کو گولڈن ریزیڈنٹ ویزا دینا ان کے کام کی تعریف کرنے کے مترادف ہے۔ شیخ خلیفہ میڈیکل سٹی کے آرتھوپیڈکس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل جارج یوگلو نے بھی یہ اعزاز ملنے پر فخر اور امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔


یہ مضمون شئیر کریں: