ابوظہبی نے بدھ کے روز مالز، ہوٹلوں، ریستوران اور سپر مارکیٹوں میں "محفوظ داخلے" کو یقینی بنانے کے لئے نئے کوویڈ-19 اقدامات کا اعلان کیا۔
ابوظہبی ایمرجنسی، کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز کمیٹی نے متعدد عوامی مقامات پر داخلے کے لئے خصوصی طور پر "گرین پاس" کے عمل کے استعمال کی منظوری دے دی۔ اسے شاپنگ مالز اور بڑی سپر مارکیٹوں، جم، ہوٹلوں، عوامی پارکوں اور ساحلوں، نجی ساحلوں اور سوئمنگ پولز، تفریحی مراکز، سینما گھروں، عجائب گھروں، ریستوران اور کیفے میں داخلے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ یہ ضوابط منگل 15 جون سے نافذ العمل ہوں گے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں متحدہ عرب امارات نے الہوسن ایپ کے لیے ایک نیا کلر کوڈڈ سسٹم متعارف کروایا تھا اور یہ بھی بتایا تھا کہ الہوسن ایپ پر سبز رنگ کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔
جن لوگوں نے کم از کم 28 دن پہلے ویکسین کی دوسری خوراک حاصل کی تھی وہ منفی پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنے کے بعد 30 دن تک سبز رنگ برقرار رکھیں گے۔ جبکہ جن افراد کو ویکسین نہیں لگائی گئی ہے ان کے پاس تین دن تک ایپ پر سبز رنگ کا نشان موجود رہے گا جس سے وہ اس مدت کے لئے مندرجہ بالا مقامات میں داخل ہو سکیں گے۔ کمیٹی نے بتایا کہ یہ نیا قانون 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر لاگو ہوتا ہے۔
نئی الہوسن کلر کوڈڈ اسکیم میں عوام کو چھ گروہوں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں: مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد؛ وہ لوگ جو اپنی دوسری خوراک کے منتظر ہیں؛ جو اپنی دوسری خوراک کی وصولی کے لئے تاخیر کر چکے ہیں؛ جو ویکسین حاصل کرنے سے مستثنیٰ ہیں؛ اور وہ جنہوں نے اہل ہونے کے باوجود ویکسین نہیں لگوائی ہے۔
تمام گروہوں کے لئے، جب متعلقہ پی سی آر ٹیسٹ کی جوازیت ختم ہو جائے گی، تب الہوسن ایپ پر رنگ سبز سے سرمئی ہو جائے گا۔
دی نیشنل (The National)