ابوظہبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز کمیٹی نے یکم جولائی 2021 سے امارت میں بچوں کی نرسریاں چلانے کے لئے نئے قوائد کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ ابوظہبی میں بچوں کی نرسریوں میں کوویڈ-19 کیسز سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار کے جائزے کے بعد کیا گیا ہے جس میں انفیکشن کی شرح مسلسل کم دکھائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ نرسری آپریٹرز اور والدین کی ضروریات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
امارت میں نرسریاں چلانے کے تازہ ترین طریقہ کار میں کم صلاحیت پر کام کرنے اور چھوٹے گروپوں میں بچوں کی دیکھ بھال کرنا شامل ہے۔ تاہم اب ان گروپوں میں مزید بچے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ 45 دن سے 2 سال کی عمر کے لئے، ایک گروپ میں 12 بچے شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ 2 سال سے 4 سال کی عمر تک کے لئے، ایک گروپ میں 16 بچے شامل ہو سکتے ہیں۔
نرسریوں کو ہر کلاس روم میں کم از کم 3.5 مربع میٹر فی بچہ اور کھلے علاقوں میں 5 مربع میٹر کی جگہ کی ضرورت کو یقینی بنانا جاری رکھنا ہوگا۔
نئے قوائد میں، ضرورت پڑنے پر نرسری کو بدتریج بند کرنا بھی شامل ہے، بجائے اس کے کہ فوری طور پر مکمل نرسری بند کی جائے۔ اپ ڈیٹ کے مطابق جس گروپ میں کوویڈ مثبت کیس پایا جائے گا وہ گروپ 10 دن کے لیے بند رہے گا۔ اگر تین یا اس سے زیادہ گروپ متاثر ہوتے ہیں تو مخصوص اقدامات کی بنیاد پر پوری نرسری 10 دن کے لئے بند ہو جائے گی۔
نئے آپریٹنگ قوانین میں یہ بھی شامل رہے گا کہ صحت کے طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے باقاعدگی سے معائنہ کیا جائے؛ کوویڈ-19 پروٹوکول کے متعلق تمام عملے کو لازمی تربیت فراہم کی جائے؛ ہیلتھ اینڈ سیفٹی آفیسر کی تقرری، اور ہر نرسری میں ایک نرس کی خدمات حاصل کرنا، جو روزانہ بچوں، ماہرین تعلیم اور عملے کے درجہ حرارت کی جانچ کرے گی، اور ممکنہ کورونا وائرس کی علامت والے کسی بھی شخص کو داخل نہیں کرے گی۔
کمیٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ بچوں اور عملے کی صحت اور حفاظت کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ نرسریوں کا جائزہ لینا جاری رکھے گی۔ اس نے کمیونٹی سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی صحت اور عوام کے تحفظ کے لئے ضروری احتیاطی اقدامات پر عمل جاری رکھیں۔
اماراتی نیوز ایجنسی (ڈبلیو اے ایم)