18 اگست 2020: (جنرل رپورٹر) ابوظہبی محکمہ اقتصادی ترقی نے ایک نیا سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق ابوظہبی میں شاپنگ مالز کے اندر سینما گھروں کے مالکان کو دوبارہ سے کام شروع کرنے اور عوام کے لئے اپنے دروازے کھولنے کی اجازت دی گئی ہے بشرطیکہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نافذ کیے جانے والے احتیاطی اقدامات پر عمل کریں۔ پیر کو محکمہ کی جانب سے جاری ایک سرکلر میں سنیما مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سینما ہالز میں صرف 30 فیصد صلاحیت کے ساتھ اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں۔ ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں والی جگہ اور عام مقامات جہاں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کی جاتی ہیں ان کو سنیٹائزر سے صاف ستھرا رکھیں۔
محکمہ کے انڈر سیکٹری عبدالکریم البلوشی نے کہا ہے کہ جو سنیما گھر سرکلر کی شرائط اور ہدایات کی تعمیل نہیں کرتے ہیں انہیں دوبارہ سرگرمیاں شروع کرنے اور فلمیں ڈسپلے کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کی معائنہ اور نگرانی کرنے والی ٹیمیں تمام احتیاطی تدابیر اور طریقہ کار پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے دورے کریں گی۔ دریں اثنا ، خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے جاری کیے جائیں گے۔