سینوفرم کوویڈ-19 کے خلاف نو ماہ کے لئے قوت مدافعت دیتی ہے۔ ابوظہبی کے صحت کے حکام اب اس بات کا مطالعہ کر رہے ہیں کہ کسی شخص کو کتنی بار بوسٹر ڈوز لینی چاہیے۔ ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی (سیہا) نے ٹوئٹر پر کہا کہ سینوفرم کی دو شاٹس کے بعد فائزر بیونٹیک ویکسین کی ایک شاٹ لینے کو بوسٹر شاٹ سمجھا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا فائزر کی ایک یا دو خوراکوں کی ضرورت ہے تو سیہا نے واضح کیا کہ فائزر بوسٹر ڈوز ان لوگوں کے لئے صرف ایک شاٹ ہے جو سینوفرم کی دو شاٹس وصول کر چکے ہیں۔ ابوظہبی پبلک ہیلتھ سینٹر (اے ڈی پی ایچ سی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افراد طبی تشخیص کے بعد سینوفرم یا فائزر بوسٹر خوراک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
اے ڈی پی ایچ سی نے مزید بتایا کہ بوسٹر ڈوز قوت مدافعت کے ردعمل کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے، لہٰذا لوگوں میں انفیکشن، پیچیدگیوں اور اسپتال میں داخل ہونے کے مواقع کو کم کرتی ہے۔ فی الحال وہ دیگر صحت کے حکام کے ساتھ مل کر کوویڈ-19 ویکسین کی بوسٹر خوراک لینے کی مدت کا تعین کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔
سیہا، محکمہ صحت ابوظہبی کے تعاون سے سینوفرم اور فائزر دونوں ویکسین فراہم کرتی ہے۔ لوگوں کو سیہا موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اپائنٹمنٹس بک کرنے کی ضرورت ہے۔ جو لوگ دوسری خوراک کے لئے اپنی اپائنٹمنٹ پر نہیں جاسکے ہیں وہ پہلی شاٹ کے بعد 21 سے 56 دنوں کے اندر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ اس کے لئے آپ 21 سے 56 دن کے اندر کسی بھی وقت ویکسین وصول کرنے جا سکتے ہیں۔
خلیج ٹائمز