متحدہ عرب امارات نے 16 سال سے زائد عمر کے افراد میں سے 81.93 فیصد سے زائد افراد کو ویکسین لگا دی ہے، یہ خبر منگل کو ملک میں کوویڈ-19 کی صورتحال پر ہفتہ وار بریفنگ کے دوران سامنے آئی۔
ویکسین لگوانے والوں میں 60 سال کی عمر کے 92.35 فیصد عمر رسیدہ افراد ہیں۔
ایک گورنمنٹ عہدیدار نے بتایا کہ آنے والے عرصے میں 12 سے 15 سال کے بچوں کے لئے مزید ویکسین فراہم کرنے کے لئے نئی ریسرچ پر سخت نظر رکھی جارہی ہے، وسیع طبی ٹرائلز کے بعد بچوں کے لئے ویکسین کی حفاظتی قوت اور قوت مدافعت پیدا کرنے کی تاثیر کی تصدیق کی جائے گی۔
عہدیدار نے کہا کہ 'سوٹروویماب وی آئی آر' دوا کے لائسنس کا اعلان حال ہی میں ملک میں ہنگامی استعمال کے لئے کیا گیا تھا، یہ کوویڈ-19 کیسز کے علاج میں موثر ثابت ہوی ہے اور اس نے اسپتالوں میں مریض کے قیام کو کم کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اس سے اموات کی شرح میں 85 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے ہنگامی استعمال کے لئے اس دوا کی منظوری دے دی ہے۔
اس دوا کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ دوا 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے مریضوں کے علاج کے لئے 'مونوکلونل اینٹی باڈیز' پر انحصار کرتی ہے۔ یہ ہلکی اور معتدل انفیکشن کے علاج میں اور وائرس کی نئی اقسام کے خلاف مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
تاہم، اس حقیقت پر زور دیا گیا ہے کہ 'سوٹروویماب-وی آئی آر' ایک دوا ہے جس کا کام بیماری کا علاج کرنا ہے، یہ کسی صورت بھی ویکسین کا متبادل نہیں ہے۔ویکسین ہمیں بیماری اور اس کی پیچیدگیوں سے بچاؤ فراہم کرتی ہے۔
گلف ٹوڈے (Gulf Today)