متحدہ عرب امارات نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی ملک بھر میں منعقد ہونے والی متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کی تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ یہ تقریبات 80 فیصد گنجائش کے ساتھ منعقد ہوں گی۔
جشن کے پروٹوکول کا اعلان نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے اپنے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کیا جس میں عوام کو ملک اور پوری دنیا میں کوویڈ19 کی تازہ ترین اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔
این سی ای ایم اے کے سرکاری ترجمان ڈاکٹر طاہر الامیری نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے تجزیہ شدہ ڈیٹا اور مسلسل نگرانی پر مبنی ایک فعال حکمت عملی کو کامیابی سے اپنایا ہے جس کی بدولت وہ کوویڈ19 سے نمٹنے اور اس کے چیلنجوں اور اثرات پر قابو پانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
اتھارٹی نے محفوظ جشن کے تصور کی اہمیت اور صحت کے پروٹوکول اور احتیاطی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود ذمہ داری کے کلچر کو اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اتھارٹی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خاص طور پر کوویڈ کی پوری دنیا میں پھیلی مختلف اقسام کے باعث احتیاطی تدابیر کی سختی سے پابندی کریں، فیس ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
قومی جشن کی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ایونٹ کے 96 گھنٹوں کے اندر لیا گیا منفی کوویڈ19 ٹیسٹ کا نتیجہ پیش کریں۔ جب دوسرے لوگوں کے قریب ہوں تو ماسک بھی لازمی پہنیں۔
انہوں نے کہا کہ آئیے ہم محفوظ طریقے سے جشن منائیں، اور اپنی صحت اور حفاظت کی ذمہ داری خود قبول کریں۔
شرکاء کو 1.5 میٹر کا جسمانی فاصلہ رکھنا چاہیے، تاہم، ایک ہی خاندان کے افراد کو جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت نہیں ہے اور ایک ساتھ اٹھ یا بیٹھ سکتے ہیں۔ تمام عمر کے لوگوں کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت ہے، بشرطیکہ انہیں 14 دن سے زیادہ پہلے ویکسین یا بوسٹر شاٹ ملا ہو، یا الہوسن ایپ پر وہ گرین پاس کا درجہ رکھتے ہوں۔