دبئی ایئرپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 24 جون کو دبئی کے انٹرنیشنل ٹرمینل 1 اور کونکورس ڈی کو دوبارہ کھولے گا۔ کوویڈ-19 کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے ڈی ایکس بی نے 25 مارچ 2020 کو ان دونوں جگہوں کی سہولیات بند کردی تھیں۔
دبئی ایئرپورٹس کے چیئرمین شیخ احمد بن سعید المکتوم نے کہا کہ دبئی کا ہوابازی کا شعبہ متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر کے متعدد ممالک کے درمیان قرنطینہ فری سفری راہداریوں کے افتتاح کے ساتھ اہم بین الاقوامی فضائی خدمات کی بحالی کی عالمی مہم میں سب سے آگے رہا ہے۔ آنے والے مہینوں میں سفری طلب میں متوقع اضافے کی تیاری میں ایک اہم قدم کے طور پر ٹرمینل ١ دوبارا کھولا جائے گا۔
سہولیات کے دوبارہ کھلنے سے 40 سے زائد بین الاقوامی کیریئرز کی بتدریج واپسی ممکن ہو سکے گی جو اس وقت ٹرمینل 2 اور 3 پر کام کر رہے ہیں اور یہ طیارے ڈی ایکس بی میں اپنے ہوم ٹرمینل پر واپس آجائیں گے۔
دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہوائی اڈے پر آنے سے قبل اپنی ایئر لائن کے ساتھ روانگی اور آمد کے ٹرمینل کی تصدیق کریں کیونکہ منتقلی کا انتظام کئی مراحل میں کیا جائے گا، منتقلی کا منصوبہ جون کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔ فروری 2016 میں کھولا گیا 1.2 بلین ڈالر کا کونکورس ڈی ہوائی اڈا ٹرین کے ذریعے ٹرمینل 1 سے منسلک ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی (ڈبلیو اے ایم)