28 مئی 2020: (جنرل رپورٹر) متحدہ عرب امارات کی جانب سے عراقی کردستان کو انسداد کووڈ19 کے لئے طبی امداد پر مشتمل طیارہ بھیجا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے عراقی کردستان کو چھ میٹرک ٹن طبی سامان پر مشتمل طیارہ بھیجا گیا ہے جس کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ان کی مدد کرنا ہے۔ اس امداد سے تقریبا 6 ہزار طبی عملہ مستفیض ہو سکے گا۔
عراقی کردستان میں امارات کے قونصل جنرل احمد الثہری نے امداد کی فراہمی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارات کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے خلاف مدد میں عراقی کردستان کا ساتھ دیا- انہوں نے مزید کہا کہ عرب امارات ہمیشہ مشکل کی ہر گھڑی میں عراقی کردستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں مدد کے تناظر میں اب تک 57 ضرورت مند ممالک کو 658 میٹرک ٹن سے زیادہ امداد پہنچا چکا ہے۔