متحدہ عرب امارات کے ڈاکٹروں نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ اگر آپ کسی بھی وقت سفر کر رہے ہیں تو مکمل ویکسین لگوائیں اور اپنی بوسٹر خوراک حاصل کریں۔
ایسٹر کلینک کی جنرل پریکٹیشنر ڈاکٹر انیتھا ورگیز نے کہا ہے کہ ویکسینز بوسٹر خوراک کے ساتھ بہتر کام کرتی ہیں کیونکہ بوسٹر خوراک سے بہت زیادہ فرق پڑتا ہے اور ہم نے متحدہ عرب امارات میں خود اس کا اثر دیکھا ہے۔
کوویڈ19 ویکسین کی دونوں خوراکوں کے علاوہ بوسٹر خوراک حاصل کرکے شدید کووِڈ پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس سے کووِڈ کے پھیلاؤ کو بھی روکا جا سکتا ہے کیونکہ مسافر نئی جگہوں کا سفر کرتے ہیں۔ ماہر فیملی میڈیسن، میڈ کیئر میڈیکل سینٹر ڈاکٹر راشا عالیانی نے کہا ہے کہ ایک بوسٹر خوراک خاص طور پر ان لوگوں کے لیے اہم ہے جو کم قوت مدافعت رکھتے ہیں یا کسی دائمی مرض میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے بتایا ہے کہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جن لوگوں نے بوسٹر خوراک لگوائی ہے انہیں شدید بیماری، ہسپتال میں داخل ہونے اور موت سے روکنے میں بوسٹر خوراک نے کافی مدد کی ہے اور یہی ان ویکسینز کا بنیادی مقصد ہے۔
ڈاکٹر ورگیس نے کہا ہے کہ بوسٹر شاٹ لینا ضروری ہے اور اسے عمر اور طبی حالات کی بنیاد پر لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین مثبت کیسز کی تعداد کو کم کر کے اس مقصد کو پورا کر رہی ہے اور مثبت کیسز میں بھی شدت اور پیچیدگیاں کم ہو جاتی ہیں۔
سفر کے سیزن کے دوران، نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سفر پر جانے سے پہلے سفر والے ملک میں منظور شدہ ویکسین کی فہرست چیک کریں اور سفر کے دوران تمام احتیاطی پروٹوکول پر عمل کریں۔
متحدہ عرب امارات نے سخت ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن مہم کے ذریعے کووِڈ19 سے نمٹنے میں زبردست ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے جس کے بعد حالیہ ہفتوں میں کووِڈ19 کے نئے کیسز 100 سے نیچے آ گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر آپ بوسٹر ویکسین لینے کے اہل ہیں تو دوسرے ممالک کا سفر کرنے سے بہلے آپ کو اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت کے تحت بوسٹر خوراک لینی چاہیے۔
متحدہ عرب امارات اب دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے مسافروں کا خیرمقدم کر رہا ہے جبکہ ڈاکٹروں کی جانب سے سیاحوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ ہیلتھ کیئر حکام کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اور متحدہ عرب امارات میں ٹیلی ہیلتھ سروسز کی وسیع رینج کا استعمال کرتے ہوئے محفوظ سفر کریں۔