متحدہ عرب امارات نے ملک سے باہر پھنسے ہوئے رہائشیوں کی واپسی میں سہولت کے لئے کچھ سفری قوانین میں نرمی کی ہے جن کا اطلاق 12 ستمبر سے ہو گا۔
رہائشی ویزا رکھنے والے ایسے رہائشی جو ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں لیکن چھ ماہ سے زائد عرصے سے پابندی والے ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں ، وہ اب نئے انٹری پرمٹ کے ساتھ متحدہ عرب امارات واپس آ سکتے ہیں۔
قوانین میں یہ نرمی دبئی کے علاوہ دیگر امارات کا ویزا رکھنے والوں پر لاگو ہوں گی کیونکہ دبئی نے اپنے رہائشیوں کی آمد کے حوالے سے پہلے ہی قوانین میں نرمی کر رکھی ہے جس کے مطابق بھارت ، پاکستان ، سری لنکا اور نیپال سمیت دیگر ملکوں سے واپس آنے پر اپنا کوویڈ19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔
دبئی حکام نے پہلے ہی 20 اپریل2021 کے بعد جن بیرون ملک پھنسے ہوئے غیر ملکیوں کے رہائشی ویزے ختم ہو رہے تھے، ان میں توسیع کر دی ہے۔
فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت (آئی سی اے) اور نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) کے اعلان کردہ نظر ثانی شدہ قواعد کے مطابق ، متحدہ عرب امارات اب ان تمام رہائشیوں کو داخلے کی اجازت دے گا ، جنہیں ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ مکمل ویکسین لگ چکی ہے۔
اس فیصلے میں ابتدائی طور پر ہندوستان ، پاکستان ، بنگلہ دیش ، نیپال ، سری لنکا ، ویت نام ، نمیبیا ، زیمبیا ، جمہوریہ کانگو ، یوگنڈا ، سیرالیون ، لائبیریا ، جنوبی افریقہ ، نائیجیریا اور افغانستان سے آنے والے مسافروں کو شامل کیا گیا ہے۔
اس قانون کےمطابق مندرجہ بالا آج ممالک سے وہ رہائشی ویزا ہولڈرز اب امارات آ سکیں گے جنہیں متحدہ عرب امارات میں ویکسین نہیں دی گئی تھی۔
نئے اجازت نامے کے لیے درخواست کیسے دیں؟
آنے والے مسافروں کو لازمی طور پر فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت (آئی سی اے) کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست دینا ہو گی اور ضروری منظوری حاصل کرنے کے لیے ویکسینیشن کی درخواست مکمل کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات روانگی کے وقت ویکسینیشن کا منظور شدہ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔ کیو آر کوڈ کے ساتھ منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ ، جو کہ منظور شدہ لیب میں روانگی سے 48 گھنٹوں کے اندر ہونا چاہیے ، اسے بھی روانگی سے پہلے پیش کرنا ضروری ہے۔
انہیں بورڈنگ سے پہلے ایک ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ اور دوسرے، چوتھے اور آٹھویں دن ایک اور پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا جبکہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔ 16 سال سے کم عمر کے بچے اس طریقہ کار سے مستثنیٰ ہیں۔
وہ لوگ جو ڈبلیو ایچ او سے منظور شدہ کسی بھی ویکسین سے مکمل طور پر ویکسین حاصل کر چکے ہیں اور جو مختلف ممالک کے لیے معطلی کا فیصلہ جاری ہونے کے بعد سے چھ ماہ سے زائد عرصے سے معطل فہرست میں شامل ممالک میں سے ایک میں موجود ہیں ، نئے انٹری پرمٹ کے تحت متحدہ عرب امارات واپس آ سکتے ہیں۔
ان تمام ممالک سے آنے والے غیر ویکسین شدہ افراد کے لیے پہلے سے اعلان کردہ تمام قوانین اور احتیاطی تدابیر اپنی جگہ موجود ہیں۔