کوویڈ19: متحدہ عرب امارات نے عید الاضحی کے لئے احتیاطی تدابیر کا اعلان کر دیا

کوویڈ 19 متحدہ عرب امارات کا عید الاضحی منانے کے پروٹوکول کا اعلان

 

نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے منگل کو بتایا کہ ملک بھر کی مساجد، کوویڈ-19 احتیاطی تدابیر کے ساتھ، نمازیوں کو عید الاضحی کی نماز ادا کرنے کی اجازت دیں گی۔ عید کا خطبہ 15 منٹ تک محدود رہے گا جبکہ مسجدیں اور نماز گاہیں عید سے 15 منٹ پہلے کھلیں گے اور فورا بعد بند ہو جائیں گی۔

 

نماز سے پہلے اور بعد میں ہاتھ ملانے اور گلے لگانے کا روایتی رواج ممنوع ہے۔ این سی ای ایم اے کے سرکاری ترجمان تہر العمیری نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ نمازیوں کو نماز سے پہلے یا بعد میں عبادت گاہوں پر جمع ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ عید کے پروٹوکول کے مطابق عمر رسیدہ افراد اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور 12 سال سے کم عمر کے بچوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عید کی نماز گھر پر ادا کریں۔ نمازی اپنی جاہ نمازیں ساتھ لائیں گے۔ کوویڈ-19 سے متاثرہ افراد یا متاثرہ افراد کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے والوں کو نماز میں شرکت سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں کے دوران خاندان کے افراد کے گھروں کے دوروں اور اجتماعات سے گریز کریں اور تقریبات کو اپنے ہی گھر کے افراد تک محدود رکھنا چاہئے۔

 

میڈیا بریفنگ کے دوران متحدہ عرب امارات کے صحت کے شعبے کی سرکاری ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحسانی نے کہا کہ گزشتہ تین تعطیلات کے بعد ملک میں رپورٹ ہونے والے کوویڈ-19 انفیکشن اور اموات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر گزشتہ سال مئی میں عید الفطر کی چھٹیاں، نئے سال کی تقریبات اور عید الاضحیٰ کے دوران درج اعداد و شمار کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران روزانہ اوسط واقعات میں 500 فیصد اضافہ ہوا اور کل تعداد 1400 تک پہنچ گئی تھی جبکہ نئے سال کی تقریبات کے بعد روزانہ کے اوسط واقعات میں 200 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

 

رواں سال مئی میں عید الفطر کے بعد روزانہ کے اوسط واقعات 2000 تھے جہاں 60 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ روزانہ اموات میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور ہلاکتیں 6 تک پہنچ گئی تھیں۔ ڈاکٹر فریدہ نے کہا کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حفاظت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔

 

گلف نیوز


یہ مضمون شئیر کریں: