وزارت صحت و روک تھام (ایم او ایچ اے پی) نے پیر کو کوویڈ-19 کے متعلق اقدامات کو آسان بنانے اور ملک میں محفوظ نقل و حرکت اور سیاحت کو بڑھانے کے لئے ایک نئے پروٹوکول کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت نے آج ایک اعلان میں کہا کہ 'گرین پاس' نامی نئے پروٹوکول کے تحت الہوسن ایپ کو لوگوں کی ویکسینیشن کا درجہ اور پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ دکھانے کے لئے استعمال کرنا ہوگا۔ گرین پاس پروٹوکول وفاقی اور مقامی حکام کو اپنی انفرادی ضروریات اور طریقہ کار کے مطابق الہوسن ایپ کے استعمال کا موقع فراہم کرتا ہے۔
نئے اقدام کے مطابق، الہوسن کلر کوڈنگ سسٹم چھ گروہوں کی وضاحت کرتا ہے، جن میں مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد، دوسری خوراک وصول کرنے والے، دوسری خوراک کے منتظر پہلی خوراک وصول کرنے والے، دوسری خوراک کی وصولی میں تاخیر والے، وہ جو ویکسین حاصل کرنے سے مستثنیٰ ہیں اور ویکسین نہ لگوانے والے شامل ہیں۔
پہلے گروہ میں وہ افراد شامل ہیں جنہوں نے کم از کم 2دن پہلے اپنی دوسری خوراک حاصل کی ہے یا ویکسین ٹرائل میں رضاکار ہیں؛ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ الہوسن ایپ پر 30 دن تک سبز رنگ میں ظاہر ہوگا اور ساتھ ہی سات دن تک ایکٹو آئیکون (ای یا گولڈ اسٹار) دکھائے گا۔
دوسرے گروہ میں وہ افراد شامل ہیں جنہوں نے 28 دن سے بھی کم عرصہ پہلے اپنی دوسری خوراک حاصل کی ہے؛ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ 14 دن تک سبز رنگ میں الہوسن ایپ پر ظاہر ہوگا۔
تیسرے گروہ میں وہ لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنی پہلی خوراک حاصل کی ہے اور اپنی دوسری خوراک کی وصولی کا انتظار کر رہے ہیں؛ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ الہوسن ایپ پر سات دن تک سبز رنگ میں ظاہر ہوگا۔
چوتھا گروہ ان افراد پر مشتمل ہے جنہوں نے اپنی پہلی خوراک حاصل کی ہے اور اپنی دوسری خوراک کی وصولی میں 42 دن یا اس سے زیادہ کی تاخیر کر چکے ہیں؛ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ الہوسن ایپ پر تین دن کے لئے سبز رنگ میں ظاہر ہوگا۔
پانچواں گروہ ان افراد کا ہے جو ویکسین سے استثنیٰ ہونے کا سرٹیفکیٹ رکھتے ہیں۔ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ الہوسن ایپ پر سات دن تک سبز رنگ میں ظاہر ہوگا۔
چھٹے گروہ میں ویکسین نہ لگوانے والے افراد، جبکہ وہ اسکے اہل ہیں، شامل ہیں؛ ان کے لئے منفی پی سی آر ٹیسٹ کا نتیجہ الہوسن ایپ پر تین دن کے لئے سبز رنگ میں ظاہر ہوگا۔
تمام گروہوں کے لئے، متعلقہ پی سی آر ٹیسٹ کی مہلت ختم ہونے کے بعد الہوسن سبز سے سرمئی رنگ دکھائے گا۔ اگر ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت ہو تو اسٹیٹس سرخ ہو جائے گا، جس صورت میں منظور شدہ طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔
اماراتی نیوز ایجنسی، ڈبلیو اے ایم