07 اگست 2020: (جنرل رپورٹر) متحدہ عرب امارات میں دنیا کی پہلی کوویڈ19 کی غیرفعال ویکسن کے تیسرے ٹرائل کے دوران 5 ہزار رضاکاروں کو پہلی ویکسن لگا دی گئی ہے جس سے ایک اہم سنگ میل حاصل ہو گیا ہے۔
قومی نمائش سینٹر میں ڈاکٹر جمال الکعبی، جو ابوظہبی محکمہ صحت کے انڈرسیکٹری ہیں، کی موجودگی میں 5000ویں رضاکار کو ویکسن دی گئی ۔ ڈاکٹر جمال کی جانب سے رواں ہفتے میں دوسری بار ویکسی نیشن پروگرام میں شرکت کی گئی اور ویکسین کی دوسری خوراک بھی لی گئی۔
یاد رہے کہ غیر فعال ویکسین کے ٹرائل جی42 ہیلتھ کئیر اور ابوظہبی ہیلتھ سروسز کمپنی کی شراکت سے 16 جولائی کو شروع کئے گئے تھے۔ یہ ویکسین دنیا کی چھٹی بڑی ویکسین بنانے والی کمپنی سینوفارم سی این بی جی نے تیار کی ہے۔
وہ ہزاروں رضاکار جنہیں ویکسین لگائی گئی ہے ان کی عمر 18 سال سے لے کر 60 سال تک ہے جبکہ وہ مختلف قومیت سے تعلق رکھتے ہیں۔